جمعرات 5 جون 2025 - 10:08
عرفہ؛ اجتماعی عبادت سے گناہوں کی مغفرت تک کا سنہری موقع

حوزہ/ حجت‌ الاسلام والمسلمین رحیمیان نے کہا: یومِ عرفہ کے لیے خدا سے راز و نیاز اور گناہوں کی بخشش مانگنے کے حوالے سے خاص عبادتی سفارشات موجود ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت‌ الاسلام و المسلمین عباس رحیمیان نے حوزہ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالحجہ کی نویں تاریخ یعنی "روزِ عرفہ" کی عظمت و اہمیت کی طرف اشارہ کیا اور اس دن کی عبادات، دعا و مناجات اور مغفرت طلب کرنے کی خصوصی تاکید کی۔

اللہ تعالیٰ کی عام دعوت

انہوں نے بیان کیا کہ عرفہ کا دن وہ دن ہے جب حجاج کرام میدانِ عرفات میں قیام کرتے ہیں اور عبادت کرتے ہیں، لیکن یہ دن صرف حاجیوں کے ساتھ مخصوص نہیں ہے، بلکہ اللہ تعالیٰ نے اپنی رحمت کا دستر خوان تمام بندوں کے لیے بچھا دیا ہے اور سب کو عبادت اور قربِ خداوندی کی دعوت دی ہے۔

شیطان کی ناراضگی اور آسمانی بخشش کا دروازہ

حجت‌ الاسلام رحیمیان نے مزید کہا: عرفہ کا دن شیطان کے لیے بہت سخت اور باعثِ غصہ ہوتا ہے، کیونکہ اس دن انسانوں کے گناہ بخشے جاتے ہیں، دعائیں قبول ہوتی ہیں اور بندے اپنے رب کے قریب ہو جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ ماں کے پیٹ میں موجود بچے بھی اس دن کی برکت سے محروم نہیں رہتے۔

امام سجادؑ کی تنبیہ: غیر خدا سے حاجت نہ مانگو

انہوں نے امام سجاد علیہ السلام کی ایک روایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: حضرت نے ایک فقیر کو دیکھا جو عرفہ کے دن لوگوں سے مدد مانگ رہا تھا۔ امام زین العابدین علیہ السلام نے اُسے فرمایا: "افسوس ہے تجھ پر! کیا تو ایسے دن میں بھی غیر خدا سے حاجت مانگتا ہے؟"

زیارت امام حسینؑ؛ حج و جہاد سے بڑھ کر ثواب

یہ دینی کارشناس مزید کہتے ہیں: روز عرفہ کے مستحب اعمال میں سے ایک اہم عمل امام حسین علیہ السلام کی زیارت ہے، جس کی بہت زیادہ تاکید ہوئی ہے۔ بعض روایات کے مطابق اس دن زیارت امام حسینؑ کا ثواب ہزار حج، ہزار عمرہ اور ہزار جہاد کے برابر ہے، بلکہ بعض روایات میں اسے حج سے بھی افضل قرار دیا گیا ہے۔ خداوند متعال اس دن سب سے پہلے زائرین سید الشہداءؑ کی طرف نظرِ رحمت فرماتا ہے، پھر حاجیوں کی طرف۔

عرفہ کی دعا و مناجات: غسل، نماز اور استغفار

انہوں نے کہا کہ عرفہ کے دن کی عبادات میں خاص طور پر دو رکعت نماز کا ذکر ہے جو دعا سے پہلے کھلے آسمان کے نیچے پڑھی جائے، اور جس میں اپنے گناہوں کا اعتراف کیا جائے۔ اس عمل سے انسان کے گناہ بخش دیے جاتے ہیں اور اُسے حج کے ثواب میں شریک کیا جاتا ہے۔ دن کے دوسرے حصے میں دنیاوی کاموں سے کنارہ کشی اختیار کر کے صرف عبادت، دعا اور توبہ میں مشغول رہنا مستحب ہے۔

دعائے عرفہ امام حسینؑ؛ عاشقانہ مناجات کی بلندی

آخر میں حجت‌ الاسلام رحیمیان نے امام حسینؑ کی دعائے عرفہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: یہ دعا عرفانی مضامین سے بھرپور ہے، جسے امام حسینؑ نے میدانِ عرفات میں اشک بار آنکھوں کے ساتھ کھڑے ہو کر پڑھا۔ ہم سب کے لیے شایستہ ہے کہ عرفہ کی سہ پہر، چاہے تھوڑی دیر کے لیے ہی سہی، نیایش، استغفار اور اس عظیم دعا کی تلاوت میں مشغول ہوں، کیونکہ بعض اوقات زندگی کے چند لمحے، انسان کی روحانی ترقی کے لیے صدیوں کے برابر اثر رکھتے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha